المشاركات

یاد ہجرت - ایک نئی زندگی کی حقیقت

 


میں عبدالحمید ہوں…

اور کہتے ہیں، میں پاگل ہوں۔


پاگل…؟

ہاں شاید ہوں…

کیونکہ میرا ذہن آج بھی 1947 میں رہ گیا ہے…

جہاں میرا بچپن، میرا گھر، میری ماں… سب ایک آگ میں جل کر خاک ہو گئے۔


میں آج بھی وہی باتیں کرتا ہوں، جو 78 سال پہلے کی تھیں۔

آج بھی سڑک پر کسی بچے کو گڑیا سے کھیلتے دیکھ لوں،

تو چیخ اٹھتا ہوں:


"چھپ جا طیبہ… دروازہ توڑ دیں گے وہ!"


لوگ سمجھتے ہیں میں دیوانہ ہوں…

مگر مجھے وہ صحن یاد ہے، جہاں میں اور میرے بھائی کبڈی کھیلتے تھے۔

جہاں اماں چولہے پر باجرے کی روٹی بناتی تھی…

اور ابا… درخت کے نیچے حقہ پیتے تھے۔


وہ صبحِ قیامت بھی تو ایک عام سی صبح لگتی تھی…

بس پرچیاں بانٹی جا رہی تھیں،

“مسلمان نکل جائیں، ورنہ انجام برا ہوگا…”


ہم نکلنے نہیں چاہتے تھے۔

یہ زمین ہماری تھی…

ہم نے دفنائے تھے یہاں اپنے بزرگ۔


پر پھر… وہ رات آئی۔


دروازے توڑے گئے۔

میں نے اپنی آنکھوں سے اپنی ماں کو جلتے دیکھا،

چولہا نہیں جلا تھا… گھر جلا تھا… اماں سمیت۔


ابا… گلی کے نکڑ پر کٹے پڑے تھے،

اور بھائی… مجھے دھکیل کر بولا:


"حمید بھاگ جا…!"


میں بھاگا۔


رستے میں میں روتا گیا،

چیختا گیا،

پر کوئی نہ پلٹا۔


میں بچ گیا…

ہاں… بچ گیا۔


پر کیا بچا؟


میرا ذہن، میرے خواب، میری نیند… سب وہیں رہ گئے…

جہاں بہن کی چوٹیاں کھینچی گئیں،

جہاں اماں چیخیں مارتی مر گئی…

جہاں باپ کا خون پتنگوں کے دھاگے کی طرح گلی میں بکھرا پڑا تھا۔


مجھے آج بھی چاندنی رات میں وہ گلیاں دکھتی ہیں،

جہاں میرے کھلونے دفن ہیں…

جہاں میرے سوال رہ گئے…

کہ “یہ سب کیوں ہوا؟ ہم نے کیا قصور کیا تھا؟”


میں آج بھی لاہور کی سڑک پر بیٹھا،

کبھی "طیبہ" کو آواز دیتا ہوں،

کبھی "اماں کے ہاتھ کی روٹی" مانگتا ہوں۔

پر لوگ صرف پولیس کو بلاتے ہیں…

کہ “ایک پاگل پھر بھاگ آیا ہے پاگل خانے سے…”


مجھے واپس لے جاؤ…

جہاں میں 10 سال کا بچہ تھا،

جسے رنگ برنگی گولیاں پسند تھی،

جسے ابو کا کندھا بہت اونچا لگتا تھا،

جسے ماں کے دوپٹے کی خوشبو میں نیند آتی تھی…

مجھے آج کا پاکستان نہیں چاہیے،

مجھے وہ گھر دے دو… وہ اماں دے دو…


💔💔

"پاکستان بن گیا… پر عبدالحمید آج بھی وہیں ہے… 1947 کے ایک جلتے کمرے میں، اپنی ماں کو بچانے کی کوشش کرتا ہوا… چیختا ہوا… پاگل نہیں، بس زندہ لاش…"

 

إرسال تعليق

Cookie Consent
We serve cookies on this site to analyze traffic, remember your preferences, and optimize your experience.
Oops!
It seems there is something wrong with your internet connection. Please connect to the internet and start browsing again.
AdBlock Detected!
We have detected that you are using adblocking plugin in your browser.
The revenue we earn by the advertisements is used to manage this website, we request you to whitelist our website in your adblocking plugin.
Site is Blocked
Sorry! This site is not available in your country.